اے این ایف کی ملک بھر میں کارروائیاں، مسافر کے پیٹ سے 100 کیپسول برآمد,6ملزمان گرفتار
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔حکام کے مطابق ایک مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھرے 100 کیپسول برآمد کرلیے گئے۔ حکام کے مطابق ملزم پشاور ائرپورٹ سیپرواز نمبر PA-612 کے ذریعے سفر کر رہا تھا۔ایک دوسری کارروائی کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر کی گئی، جس میں محمد رفیق نامی ملزم سے 5 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف کی جانب سے تیسری کارروائی اسلام آباد میں واقع بین الاقوامی کوریئر کمپنی کے دفتر میں کی گئی، جہاں سے ناروے بھیجے جانے والے پارسل میں موجود میز کورز میں جذب شدہ 0.910 گرام آئس پکڑی گئی۔علاوہ ازیں جی ٹی روڈ جہلم کے قریب پک اپ سے2.400کلوگرام افیون اور 43.200کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ دریں اثنا اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب آلٹو کار کے سی این جی سلنڈر سے 24کلو گرام منشیات برآمد کرکے کار میں سوار 2ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام کے مطابق مختلف شہروں میں ہونے والی کاروائیوں کے دوران 6گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔