وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا پنجاب کی عوام کے علاج معالجے کے لئے بڑا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس،اجلاس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے نئی سی ٹی سکین مشین اور تھیلیم سکین مشین خریدنے کی منظوری دے دی۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو نئی مشینیں خریدنے کیلئے فی الفور ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے نیا دوا خانہ بنایا جائے گا۔ نئے دواخانے کی تعمیر سے مریضوں کو ادویات لینے کیلئے بالائی منز ل نہیں جانا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی محکمہ توانائی کے ساتھ مشاورت سے ادارے کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا پلان مرتب کیا جائے۔ کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے وضع کردہ پالیسی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے فارمیسی سٹورز میں توسیع کا پلان بنایا جائے۔ کارڈیالوجی ٹاور کی تعمیر کیلئے محکمہ تعمیرات و مواصلات سے مل کر پلان کو حتمی شکل دی جائے۔ جینیٹوریل اور سکیورٹی کی منظور شدہ خالی آسامیوں پر قواعد و ضوابط کے تحت بھرتی کی جائے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر بلال محی الدین نے ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈاکٹر بلال محی الدین نے کہا کہ روزانہ تقریباً 2500 مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام کی اجلا س میں شرکت کی