پی آئی اے کی نہایت کم بولی، اچانک سب کو پی آئی اے سے عشق ہوگیا۔
بلیو ورلڈ سٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی خریداری کے لیے بولی بڑھاتے ہوئے حکومت کو 30 سے 85 ارب روپے دینے پر مشروط آمادگی ظاہر کردی،سب کو اچانک پی آئی اے سے عشق ہوگیا ہے لیکن بولی کے کاغذ کسی نے جمع نہیں کرائے، یہ وہ سب لوگ ہیں جو پی آئی اے کی موجودہ حالت زار کے ذمہ دار ہیں۔ بلیو ورلڈ سٹی کے سربراہ سعد نذیر نے کہا کہ حکومت کہتی ہے 85 ارب روپے دو تو ہم 85 ارب روپے تک دینے کو تیار ہیں لیکن ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات تو کریں،ہم حکومت کو باضابطہ خط بھی لکھیں گے کہ ہم 30 سے 85 ارب روپے تک کی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ایسا شخص موجود نہیں جس کے پاس 85 ارب روپے لیکوئڈ فارم میں موجود ہوں، ہمارے ساتھ بہت سے سرمایہ کار رابطے میں ہیں، ہم ان کا کیپیٹل استعمال کرکے 85 ارب روپے ادا کر سکتے ہیں لیکن شرائط کو تھوڑا سا نرم کریں۔سعد نذیر نے کہا کہ نجکاری کمیشن کے افسران نے ہم سے کہا کہ 85 ارب روپے دیتے ہیں تو ہم آپ کو ایئر لائن دے دیتے ہیں، آپ نے جو بولی لگائی ہے ہم اس پر بات نہیں کریں گے، آپ ہاں کریں یا ناں کریں آپ کے پاس اور کوئی آپشن نہیں ۔خیبرپختونخوا ہ حکومت، نواز شریف اور پنجاب حکومت کی پی آئی اے خریداری میں دلچسپی سے متعلق سعد نذیر نے کہا کہ پی آئی اے کا اور کوئی خریدار نہیں آیا تو اب ہماری بولی کو ڈی گریڈ کرنے کے لیے لوگ طرح طرح کی گفتگو کر رہے ہیں۔پی آئی اے کی محبت میں بھی اب لوگ سامنے آ رہے ہیں، ایک دم سے سابق وزیراعظم نواز شریف جبکہ خیبرپختونخوا ہ اور پنجاب کے وزرائے اعلی نے بھی پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔سب کو اچانک پی آئی اے سے عشق ہوگیا ہے لیکن بولی کے کاغذ کسی نے جمع نہیں کرائے، یہ وہ سب لوگ ہیں جو پی آئی اے کی موجودہ حالت زار کے ذمہ دار ہیں۔