وزارت تجارت کے برآمدی پیکیج کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت تجارت کو برآمدی پیکج کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ اسلام آباد میں تجارت اور برآمدات سے متعلق امور کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اس معاملے میں برآمدی شعبے کو نئی مراعات کے ذریعے معاونت فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، اس موقع پر وزیراعظم نے وزارت کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے نقائص سے پاک اور حتمی تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔اجلاس میں وزیراعظم کے برآمدی پیکج کا بھی جائزہ لیاگیا اور اطمینان ظاہرکیاگیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ملک کی برآمدات میں دس فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے ۔