کراچی،عمارت کی چھت کا پلستر گرنے سے میاں،بیوی اور بچہ جاں بحق
شہر قائد میں عمارت کی چھت کا پلستر گرنے سے میاں بیوی اور بچہ جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک سیون میں چار منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزل کی چھت کا پلستر گرنے سے میاں ،بیوی اور بچہ زندگی کی بازی ہارگئے۔جاں بحق ہونے افراد کی شناخت اورنگزیب،شیزا اور عبدالہادی کے ناموں سے ہوئی،واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر میاں،بیوی اور بچے کی لاشوں کو نجی ہسپتا ل منتقل کیا،جاں بحق افراد کا تعلق نوابشاہ سے تھا، ضابطے کی کارروائی کے بعدلاشیں آبائی علاقے روانہ کردی گئیں ۔علاقہ مکینوں کے مطابق متاثرہ چھت خستہ حالی کا شکار تھی جس پر ٹائلز لگائے جارہے تھے تاہم اضافی وزن پڑنے کے باعث حادثہ ہوا۔علاقے سے منتخب رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے الزام عائد کیا کہ کے ڈی اے اور ایس بی سی اے اگر غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہ دیتے تو اس طرح کے حادثات نہ ہوتے۔