پاکستان غربت میں کمی،بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے چینی ماڈل پر عمل کرے گا: وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان غربت اور بدعنوانی کے خاتمے کی پالیسی اپنائے گا تاکہ ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ پیر کے روز شنگھائی میں پاکستان ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس 2018ء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین نے شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں نمایاں ترقی کی ہے۔ غربت کے خاتمے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ چین نے گذشتہ 30 سال میں جو حاصل کیا ہے کوئی ملک اب تک نہیں کر سکا جس نے 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشرے سے غربت کے خاتمے کیلئے اپنی اقدامات پر عمل پیرا ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا عظیم اثاثہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ قوم کی اپیل کا مثبت جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہنرمند،محنت کشوں اور تاجروں کو واپس لانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی تاجر پہلے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔