پاکستان کا خوف،بھارت نے 25 اہم ہوائی اڈے 9 مئی تک بند کردیئے۔

پاکستان کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی کے پیش نظر بھارت میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ بھارتی حکام نے 25 اہم ائیرپورٹس کو 9 مئی تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ 200 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب بھارتی فوج نے گزشتہ رات آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفرآباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے، جبکہ 2 مساجد بھی شہید ہوئیں۔پاک فوج نے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 3 رافیل طیارے، ایک سخوئی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون تباہ کر دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اس جوابی کارروائی کے خدشے نے بھارت کو خوف میں مبتلا کر دیا، جس کے باعث سری نگر، جموں، لیہہ، امرتسر، پٹھان کوٹ، چندی گڑھ، جودھ پور، جیسلمیر، شملہ، دھرمشالہ، جام نگر سمیت 25 بڑے ائیرپورٹس بند کر دیے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق، فلائٹ آپریشنز معطل ہونے سے ایئرلائنز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ کئی فضائی کمپنیاں عارضی طور پر بند ہو چکی ہیں، اور مسافر بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس آج دن 12 بجے تک دستیاب نہیں ہوں گے۔ لاہور سے جانے والی 15 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں جبکہ لاہورآنے والی 20 پروازوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا۔ فلائٹ آپریشن کی معطلی کی وجوہات سے متعلق فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ایئرپورٹ اتھارٹی نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین صورت حال کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ایئرپورٹس پر موجود مسافروں کو بھی ہدایات دی جا رہی ہیں اور ایئرلائنز کی جانب سے پروازوں کی روانگی و آمد کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔