وزیراعظم آج تعمیرات کی نگرانی یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹل ملکیتی نقشے کااجراء کریںگے
وزیراعظم عمران خان آج اسلا م آباد میں زمین کے رقبوں کے ریکارڈمیں غیرقانونی ردوبدل کے خاتمے ،نقشوں کے ذریعے تعمیرات کی نگرانی یقینی بنانے اورزمین کی ملکیت کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے ملکیتی نقشے کااجراء کرینگے۔زمین کی ملکیت کے نقشے کامنصوبہ وزیراعظم کے اس ویژن کاعکاس ہے جس کے تحت پٹوار کے پرانے نظام کوجدیدکمپیوٹرائزڈآن لائن نظام میں تبدیل کرناہے۔پہلے مرحلے میں تین بڑے شہروں کراچی،لاہوراوراسلام آباد سمیت ملک بھرمیں سرکاری زمینوں کے ریونیوریکارڈکوکمپیوٹرائزڈکیاجائے گا جس پرایک ارب ننانوے کروڑچالیس لاکھ روپے لاگت آئے گی۔سروے آف پاکستان نے جغرافیائی معلوماتی نظام کے ذریعے دارالحکومت اسلام آباد کا کمپیوٹرائزڈملکیتی نقشہ تیارکیاہے۔اس نظام سے بیرون ملک مقیم پاکستانی اسلام آباد میں زمین کی خریداری سے پہلے آن لائن تصدیق کرسکیں گے ۔اس نئے نظام سے سرکاری زمین پرغیرقانونی قبضے، نالوں اورجنگلات پرتجاوزات کی نشاندہی ہوسکے گی۔