روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، شبلی فراز
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم سرکاری ملازمین سےمتعلق آگاہ ہیں، ان کےمسائل کوجلد حل کرلیا جائےگا، امید ہے احتجاج آج ختم ہوجائےگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات اور سینیٹر شبلی فراز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، معیشت کو کافی حد تک درست سمت میں گامزن کر دیا۔پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں نے ہمارے لیےمسائل چھوڑے۔ علی محمد، پرویز خٹک اور شیخ رشید پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی پریس کانفرنس بھی کرے گی، انشا اللہ احتجاج کرنے والے آج مطمئن ہوجائیں گے۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ جو احتجاج ہو رہاہے اس حوالے سے وزیراعظم نے ہدایات جاری کی ہیں ، سرکاری ملازمین کےاحتجاج پروزیراعظم نےوزارتوں کوتنخواہوں کےمسئلےکوحل کرنےکاکہا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سرکاری ملازمین کا تنخواہوں میں اضافے کے لئے احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے، پولیس نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے احتجاج کو روکنے کے لئے کریک ڈاؤن کر کے متعدد ملازمین کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا۔ پولیس نے دھرنے کے 7 قائدین کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار افراد میں چیف آرگنائزر آل پاکستان ایمپلائز گرینڈ الائنس رحمان باجوہ بھی شامل ہیں۔ سرکاری ملازمین کو سیکرٹریٹ کے گیٹ کے سامنے سے گرفتار کیا گیا