عالمی برادری اسرائیل کو جارحیت کا ذمے دار ٹھہرائے۔سعودی عرب
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصی کی حرمت پامال کرنے اور نمازیوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے سلسلے میں حالیہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس منظم غنڈہ گردی اور بدمعاشی کی لپیٹ میں بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینی آئے۔جاری بیان میں سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کو اس جارحیت کا ذمے دار ٹھہرایا جائے۔ مملکت کے مطابق اسرائیلی کارستانیوں کو فوری طور پر روکے جانے کی ضرورت ہے جو بین الاقوامی منشوروں کے مخالف ہیں۔بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ مملکت اس موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ وہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور مسئلہ فلسطین کے ایک منصفانہ اور جامع حل کے لیے موجودہ کوششوں کو سپورٹ کرتی ہے۔ مملکت اس بات کی خواہاں ہے کہ فلسطینیوں کے لیے بین الاقوامی قرار دادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق 1967 کی سرحدوں پر ایک خود مختار ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔