احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت شروع ہوگئی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نوازشریف آج اپنے وکیل کے بغیر احتساب عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی عدالت میں موجود ہیں۔سماعت کے آغاز پر جج محمد بشیر نے نواز شریف سے استفسار کیا کہ 'آپ کو دوسرا وکیل رکھنا ہے یا خواجہ حارث کو ہی کہا ہے؟'ساتھ ہی جج نے کہا کہ 'ابھی تک خواجہ حارث کی کیس سے دستبرداری کی درخواست منظور نہیں کی گئی'۔
جس پر نواز شریف نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 'یہ اتنا آسان فیصلہ نہیں، ایک وکیل نے کیس پر 9 ماہ محنت کی ہے'۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 'خواجہ حارث نے سپریم کورٹ میں کہہ دیا تھا کہ وہ ہفتہ، اتوار کو کام نہیں کریں گے، ہم تو روز لاہور سے آتے ہیں اور سحری کرکے عدالت کے لیے روانہ ہوتے ہیں'۔ساتھ ہیانہوں نے سوال کیا کہ 'اب کیا24/7 کیس چلانا ہے؟ کیا ایسی کوئی اور مثال ہے؟'نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 'اس کیس میں 100 کے قریب پیشیاں ہو چکی ہیں'۔
مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے عدالت سے کہا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ اس مرحلے پر نیا وکیل مقرر کرنا ممکن نہیں'۔