علی امین کا افغانستان سے خود بات کرنے کا اعلان وفاق پر حملہ ہے: وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا افغانستان سے خود بات کرنے کا اعلان وفاق پر حملہ قرار دے دیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کوئی صوبہ براہ راست کسی ملک سے مذاکرات نہیں کرسکتا جس راستے پر وزیر اعلیٰ کے پی چل رہے ہیں یہ زہر قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت سے اسمبلی میں چند لمحے ملاقات ہوئی تھی لیکن مجھ سے ملنے کے بعد ان پر پارٹی نے تنقید شروع کردی۔ افغانستان کے ساتھ بات چیت کے لیے بڑا جرگہ بنانے کا فیصلہ ہوا ہے، اسد قیصر دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ بات چیت کے لیے بڑا جرگہ بنانے کا فیصلہ ہوا ہے، وفاقی حکومت سمیت مولانا فضل الرحمان، محمود اچکزئی اور سراج الحق بھی جرگے میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انارکی نہیں امن چاہتے ہیں، ایک صوبے کو سیاسی مخالفت پر دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ کسی کے باپ کا نوکر یا غلام نہیں، کئی بار کہا افغانستان سے بات کریں لیکن ان کو سمجھ میں نہیں آتا، میرے لوگ مر رہے ہیں میں خاموش نہیں بیٹھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت افغانستان سے براہ راست بات کرے گی میں اپنا وفد کابل بھیج رہا ہوں۔