امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط ہوگئے

امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق دفاعی معاہدہ 6 سو ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے وعدے کا حصہ ہے، معاہدے میں جی ای گیس ٹربائنز کی برآمدات بھی شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں 14 ارب 20 کروڑ ڈالر کا معاہدہ بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ 4 ارب 80 کروڑ ڈالر کے 737 بوئنگ طیارے بھی معاہدے میں شامل ہیں، امریکی کمپنیاں سعودی عرب کو آلات کی تربیت اور خدمات بھی فراہم کریں گی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی ٹرمپ کے دورے کے موقع پر ریاض میں منعقدہ یو ایس-سعودی سرمایہ کاری فورم کے سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جو 600 بلین ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے یہ آنے والا مہینوں میں بڑھ کر ایک ٹریلین ڈالر تک کا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب کے گہرے معاشی تعلقات ہیں۔ ہمارے دو دوست ممالک کے درمیان گہرے معاشی تعلقات پائے جاتے ہیں اور آج دونوں اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ سرمایہ کاری ہمارے معاشی تعلقات کا اہم ستون ہے۔ خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ، جن کے ساتھ ارب پتی ایلون مسک سمیت امریکی کاروباری رہنما بھی شامل ہیں ،بدھ کو ریاض سے قطر اور جمعرات کو متحدہ عرب امارات جائیں گے۔