غزہ میں داخل ہونے والی انسانی امداد پر سے فوری طور پر تمام پابندیاں اٹھائی جائیں۔ برطانوی وزیرمملکت

برطانیہ کے وزیر مملکت برائے امور مشرق وسطیٰ، ہیمش فالکونر نے کہا ہے کہ قابض اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی عدالت انصاف کی جانب سے جاری کئے گئے عارضی اقدامات پر فوری عملدرآمد کرے۔برطانوی پارلیمنٹ میں غزہ کی صورتحال پر ہونے والی نشست کے دوران خطاب کرتے ہوئے فالکونر نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں داخل ہونے والی انسانی امداد پر سے فوری طور پر تمام پابندیاں اٹھائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں نہایت افسوسناک اور ناقابل برداشت ہیں۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ خوراک سے بھرے ٹنوں کے حساب سے ٹرک سرحد پر سڑ رہے ہیں، جبکہ غزہ کے اندر ہزاروں لوگ بھوک سے مرنے کے قریب ہیں۔ہیمش فالکونر نے اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا کہ بعض اسرائیلی وزرا خود اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ انسانی امداد کو بطور "دبا کے ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، جسے انہوں نے ایک بے رحمانہ اور ناقابل جواز عمل قرار دیا۔ برطانوی وزیر نے جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں دائر کی گئی نسل کشی کے مقدمے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نہ صرف عدالت کی آزادی کا حامی ہے بلکہ اس کے جاری کردہ اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ عدالت نے اس مقدمے میں جو عبوری اقدامات جاری کیے ہیں، ہم ان کی حمایت کرتے ہیں اور اسرائیل پر ان پر عملدرآمد لازم ہے۔