ضمنی انتخاب میں الحمدلللہ ووٹرز نے 52روزہ عوام دشمن تبدیلی مسترد کردی۔مریم اورنگزیب
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں ووٹرز نے 52روزہ عوام دشمن تبدیلی مسترد کردی۔ اتوار کی رات ضمنی انتخابات کے نتائج پر اپنے تبصرے میں سابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران صاحب نے تو انتخابی حلقے کھولنے کا وعدہ تاحال پورا نہ کیا مگر ان کے جیتے ہوئے حلقوں کو عوام نے آج خود ہی کھول دیا۔ انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں ”گرین کلین پاکستان مہم“ کوبڑی کامیابی ملی اور زندہ دِلانِ لاہور نے ”لاہور کلین“ کردیا۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ عوام نے اپنے قائد محمد نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت پر اپنے ووٹ کے ذریعے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ ان کے دل نواشریف، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انہیں کسی پراپگنڈے اور جھوٹ سے اپنے قائدین سے دور نہیں کیاجاسکتا۔ عوام نے فیصلہ دے دیا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور کس کے ساتھ ہیں۔ عوامی سیلاب ٹھاٹھیں مارہا ہے اور اس کا راستہ روکنے والے خود اس میں بہہ جائیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عوام نے جعلی تبدیلی کا اصلی سیاہ روپ دیکھ لیا ہے اور وہ عوام دشمن ایجنڈہ مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے اہلیان لاہور سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم عوام کے حقوق کے لئے ہر محاذ پر قائد نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں پوری قوت اور جذبے سے عوام کا کیس لڑیں گے اور انہیں مایوس نہیں کریں گے۔