معر کہ حق میں تاریخی فتح : ملک بھر میں آج یومِ تشکر منایا جا رہا ہے۔

پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی معر کہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یومِ تشکر منایا جا رہا ہے۔جس میں افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں31، صوبائی دارالحکومتوں میں21 توپوں کی سلامی دی گئی، اب سے کچھ دیر میں مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا. پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومت میں منعقد کی جائیں گی. یوم تشکر کی نمایاں تقریب آج رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی. وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ یوم تشکر پر ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھےجائیں گے، دعائیہ تقریب ہو گی۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ یوم تشکر منانے کے لئے شہر لاہور میں بھی پولیس نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق تقریبات، ریلیوں اور جمعہ کے اجتماعات کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ مساجد میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ عوام اظہارِ تشکر کے طور پر ریلیاں نکال رہے ہیں۔ سی سی پی او کے مطابق اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کو بھی بہترین سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔