حکومت نے میڈیا کو اپوزیشن کی کوریج سے روک رکھا ہے، شہباز شریف کا سپیکر کو خط
اسلام آباد:- مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھا ہے۔شہباز شریف نے لکھے گئے خط میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے میڈیا کو پارلیمنٹ تک مکمل رسائی دینے اور رکاوٹیں دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہباز شریف کا خط میں کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کے بعد اب پارلیمنٹ پوری طرح فعال ہو چکی ہے، مگر میڈیا کو گیٹ نمبر 1سے ملحقہ جگہ استعمال کرنے کی تاحال اجازت نہیں۔انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ حکومت نے میڈیا کو اپوزیشن کی کوریج سے روک رکھا ہے، اپوزیشن کو میڈیا پر مساوی کوریج کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ تمام میڈیا کو کسی پابندی اور رکاوٹ کے بغیر پارلیمنٹ تک مکمل رسائی دی جائے۔اپوزیشن لیڈر کا اپنے خط میں اسپیکر قومی اسمبلی سے یہ مطالبہ بھی ہے کہ اپوزیشن کو میڈیا پر اپنی بات کہنے کے تمام مواقع فراہم کئے جائیں۔