مودی نے کسانوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیے, بھارتی حکومت کا متنازع زرعی قوانین واپس لینے کا فیصلہ
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ ستمبر 2020 میں منظور ہونے والے نئے زرعی قوانین واپس لے لیے جائیں گے، جن کے خلاف کسانوں نے ملک گیر طویل احتجاج کیا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق 3 قوانین پر اچانک رعایت کا فیصلہ آئندہ سال کے آغاز میں بھارت میں سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش اور دیگر 2 شمالی ریاستوں، جہاں بڑی تعداد میں دیہاتی آباد ہیں، میں انتخابات سے قبل سامنے آیا۔نریندر مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آج آپ کو اور پوری قوم کو یہ کہنے آیا ہوں کہ ہم نے زراعت سے متعلق اصلاحات واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے بعد شروع ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں تمام قانونی کارروائیاں پوری کی جائیں گی تاکہ ان 3 زرعی قوانین کو واپس لیا جاسکے‘۔