عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بےنظیر بھٹو کا 68واں یوم پیدائش
عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم پاکستان پیپلزپارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی اڑسٹھ واں یوم پیدائش آج منایا جارہاہے۔ دختر مشرق، عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی آج 67 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ شہید بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر پیپلزپارٹی کی جانب سے بینظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو 21 جون، 1953ء میں سندھ کے مشہور سیاسی گھرانے بھٹو خاندان میں پیدا ہوئیں۔ 1988ء میں وہ تاریخ کی سب سے کم عمر اور اسلامی دنیا کے کسی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ تاہم 20 ماہ بعد ہی ان کی حکومت کو برطرف کردیا گیا۔ بے نظیر بھٹو نے پسماندہ طبقات کے لئے جدوجہد کی اور اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا کر عالمی دنیا میں عورت کو ایک منفرد مقام دیا۔ انیس سو تیرانوے میں وہ دوسری مرتبہ برسراقتدار آئیں لیکن 1996ء میں ایک مرتبہ پھر ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔ 1998ء میں انہوں نے پھر جلاوطنی اختیار کی اور 18 اکتوبر 2007ء کو وطن واپس پہنچی تو ان پر پہلا حملہ ہوا جس میں تو وہ بچ گئیں لیکن 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ پھر 27 دسمبر2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جمہوریت دشمن قوتوں نے بے نظیر بھٹو کو شہید کردیا۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کورونا وبا کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نہیں منائی جارہی جبکہ ان کے سیاسی جانشین چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج گڑھی خدابخش میں ان کی مزار پر حاضری دیں گے اور انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ نودیرو ہاؤس میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جائیگا۔ دوسری جانب ملک بھر کے کارکنان اپنے گھروں اور پارٹی دفاتر میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹ کر انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے