راولپنڈی کا مرکزی جلوس ذوالجناح و علم امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہو گیا
راولپنڈی سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کی قیادت قائد ملت جعفریہ آغا سید حامدعلی شاہ موسوی کررہے ہیں ، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ بوہڑ بازار اورکرنل مقبول حسین کالج روڈ سے بھی جلوس برآمد ہو گئے، سوگوارانِ امام حسین بوہڑ بازار چوک اور حبیب بینک چوک اور ٹرنک بازار میں زنجیر زنی اور ماتم کر کے شہداء کربلا کو پرسہ دے رہے ہیں۔ دوبجے دن فوارہ چوک میں علامہ قمرحیدرزیدی اوردیگر مقررین فلسفہ حسینیت پر روشنی ڈالیں گے ۔ جلوس جامع مسجد سے گزرتا ہوا مرکزی جلوسِ عاشورہ امامبارگاہ قدیم پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ سی ٹی او کے مطابق راولپنڈی میں یوم عاشور پر 07 ڈی ایس پیز، 60 انسپکٹرز، 671 وارڈن افسران اور 163 ٹریفک اسسٹنٹس سپیشل ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ تمام راستوں کو خار دار تاروں اور کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ عزاداروں کو سخت چیکنگ کے بعد جلوس میں شرکت کی اجازت دی جارہی ہے