نیا پاکستان تب بنے گا جب صحیح افراد کو ٹکٹ ملے گا
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ملک میں دھرنوں کی سیاست کا بانی سمجھتے ہیں۔ پارٹی کارکنان کی رائے بھی کچھ زیادہ مختلف نہیں۔ مثلا بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنے میں شریک ایک شخص نے کہا کہ 'ہمیں دھرنا دینا تو کپتان نے ہی سکھایا ہے!'بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کو جانے والی سڑک پر ایک بڑا سا ٹینٹ لگایا گیا ہے، جہاں گرمی کی وجہ سے دِن کے اوقات میں دو درجن سے زائد مظاہرین نظر نہیں آتے، لیکن شام قریب آتے ہی یہاں رش بڑھ جاتا ہے۔ مظاہرین کے پاس موجود بیشتر پلے کارڈز پر نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کے خلاف نعرے درج ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ 'ہمیں افسوس ہے اور ہم (اپنے حلقے کے بارے میں) یہی پوچھنے آئے ہیں کہ کیا کسی کو اس کے سیاسی پس منظر کی بنیاد پر ٹکٹ دیا جا رہا ہے یا یہ محض پیسے کی بنیاد پر؟'