مریم نوازکا پاکستان کی پہلی تیز ترین ‘بلٹ ٹرین’ چلانے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجابمریم نواز شریف نے لاہور سے راولپنڈی تک پاکستان کی پہلی تیز ترین ‘ بلٹ ٹرین’ چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی صدارت میں منصوبے کے حوالے سے پہلا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی بلٹ ٹرین سوا دو سے اڑھائی گھنٹے میں فاصلہ طے کرے گی۔ ریلوے حکام نے ریل نیٹ ورک اور پٹری سے متعلق اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ نئے ریل روٹس کی نشاندہی کی جائے گی۔ دوران اجلاس مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بلٹ ٹرین کا آغاز کرکے نواز شریف اور مریم نواز شریف عوام سے اپنے ایک اور وعدے کو پورا کریں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف عوام کو سفر کی سستی، تیز ترین اور آرام دہ سہولیات چاہتی ہیں، انکا وژن ہے ٹرین عوامی سواری ہے، اسے جدید معیار پر لانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ سیاحت پنجاب کے تعاون سے راولپنڈی تا لاہوت ٹریک کو خوبصورت بنانے کی تجویز پر کام کریں گے۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے منصوبے کی فیزیبلٹی، ٹائم لائن کی تیاری کے لیے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان، مشیر وزیرعلیٰ پنجاب شاہد تارڑ، چیئرمین ریلوے سی ای او ریلوے پہ مشتمل ورکنگ گروپ بنا دیا۔ تاہم مریم اورنگزیب ورکنگ گروپ کی تجاویز آئندہ ہفتے وزیراعلیٰ کو پیش کریں گی۔ یاد رہے کہ شہروں کے درمیان ٹرین کے ذریعے شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کی وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عملدرآمد کے حوالے سے یہ پہلا اجلاس تھا۔ واضح رہے کہ پنجاب کے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان بذریعہ ویڈیو لنک، سیکریٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ اور سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اصف طفیل اجلاس میں شریک ہوئے۔