صدر مملکت کی پاکستان پوسٹ کو معذور ریٹائرڈ ملازم کے بیٹے کو بھرتی کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان پوسٹ کو 45 دن کے اندر معذور ریٹائرڈ ملازم کے بیٹے کو بھرتی کرنے کی ہدایت کر دی۔سکھر کے رہائشی محمد شاہد نے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے معذور ملازمین کے کوٹے پر بیٹے کی تقرری کی درخواست زائد العمر ی کے بہانے پر مسترد کرنے پر وفاقی محتسب میں شکایت جمع کرائی تھی ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی معمولی عذر پر معاملے کو پیچیدہ کرنے اور ملازمت نہ دینے پر محکمے کی سز زنش کی ۔صدر مملکت نے معاملے کو حل کرنے میں غیر معمولی تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا۔صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ ایک معمولی عذر پر ایک معذور شخص کے معاملے کو پیچیدہ کرنا افسوسناک ہے، معذور افراد کے خلاف امتیازی سلوک جیسے نامناسب رویوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے ، ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کے روزگار کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی انسانی ہمدردی کے تحت شروع کی گئی جس کو اسی جذبے سے نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت کی پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کومعذور ملازمین کے بچوں کو دی گئی نوکریوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف پاکستان پوسٹ آفس کی درخواست مسترد کی۔