چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی ہوگی۔چیئرمین پی سی بی کاایک بارپھر بھارت کو منہ توڑ جواب
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایک بار پھر بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا۔ چیئرمین پی سی بی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستانی ٹیم بھارت جاکر کھیلے اور بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئے، ہائبریڈ ماڈل پر فیصلہ ووٹس پر ہونے کی صورت میں حکومت سے مشورہ کرکے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے، آئی سی سی سے مشاورت جاری ہے، اچھا نتیجہ سامنے آئے گا۔ پاکستان کرکٹ بور ڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے رات گئے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور اپ گریڈیشن منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ اور نیسپاک کے حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے چیئرمین کو منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔محسن نقوی نئے تعمیر کردہ اسٹینڈ کے آخری اسٹیپ تک گئے اور وہاں سے اسٹیڈیم کے ویو کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل دسمبر کے آخری ہفتے تک اسٹیڈیم کی مکمل تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔اس حوالے سے محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ اس موقع پر قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی ہوگی، آئی سی سی سے مسلسل رابطے میں ہیں، آئی سی سی بورڈز میٹنگ میں پاکستان کے حق میں فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں حکومت سے گائیڈ لائن لے کر پاکستان کے بہترین مفاد میں فیصلہ کریں گے۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ اب یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستان ٹیم بھارت جاکر کھیلے اور بھارتی ٹیم پاکستان میں آکر نہ کھیلے، اب کرکٹ میں تمام فیصلے برابری کی بنیاد پر ہوں گے، پیسے لے کر ماننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے قوم کو مایوس نہیں کریں گے، وعدہ ہے کہ جو ہوگا وہ پاکستان کی بہتری کے لیے ہوگا، امید ہے قذافی اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام 20 دسمبر تک مکمل ہوجائے گا، تماشائیوں کی تعداد بھی 34 سے بڑھ کر40 ہزار ہوجائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں چاہتا تھا راولپنڈی کا اسٹیڈیم بھی ساتھ تیار ہوتا، مجھے پنڈی اسٹیڈیم کی رپورٹ پہلے مل جاتی تو کچھ بہتر ہوتا، ساری صورتحال دیکھ کر آئی سی سی اجلاس سے بہتر چیز لے کر نکلیں گے۔ محسن نقوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی بہترین ٹیم لے کر میدان میں اتریں گے، کرکٹ کی ترقی کے لیے کام کررہے ہیں، چیمپئنزٹرافی کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا وقت آرہا ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر غور کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ جمعے کو ہوگی ۔ذرائع کے مطابق بورڈ اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل اپنانے کا آپشن پیش کیا جائے گا اور پاکستان کو منانے کی کوشش کی جائے گی لیکن پاکستان پہلے ہی ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرچکا ہے اور ووٹنگ پر فیصلہ پاکستان مخالف ہونے پر پی سی بی حکومت سے مشورہ کرکے جواب دے گا۔