وزیر اعظم کی سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز پر قوم کو مبارکباد
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے 1 لاکھ پوائنٹس سے تجاوز پر پوری قوم کو مبارکباد دے دی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے، اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلئے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاں گا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے، ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔