موجودہ وقت سعودی عرب کے خلاف قانون سازی کے لیے موزوں نہیں۔ مائیک پومپیو
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ موجودہ وقت سعودی عرب کے خلاف قانون سازی کے لیے موزوں نہیں ہے۔مائیک پومپیو نے کانگریس میں سینیٹرز کو بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں کمی امریکا اور ہمارے اتحادیوں کی قومی سلامتی کے لیے ایک بڑی غلطی ہو گی۔ ہمیں اس وقت ایران کی طرف سے سنگین خطرات سے نمٹنے کے لیے کسی اتحادی کے خلاف ایسے اقدامات سے گریز کرنا ہوگا جس سے ہماری مشترکہ جنگ متاثر ہو۔انہوں نے کہاکہ ہمارے بغیر یمن کی لڑائی میں اگر امریکا سعودی عرب کی مدد نہ کرے تو اس کے خاتمے کی جلد نوبت نہیں آئے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ وہ ان تمام انٹیلی جینس رپورٹس کی بنیاد پر، جو ان کی نظر سے گزری ہیں، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی صحافی جمال خاشقجی کے ترکی میں سعودی قونصیلٹ میں قتل کے درمیان براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے۔