کراچی میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 2 دہشتگرد ہلاک،4 اہلکار زخمی
کائونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے آپریشن کے دوران2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔کراچی کے علاقے تیسر ٹائون میں سی ٹی ڈی ٹیم نے انٹیلیجنس بنیاد پر چھاپا مارا۔ سی ٹی ڈی کی مبینہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2مبینہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کی مطابق ملزمان کی فائرنگ سے 4پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔زخمی سی ٹی ڈی اہلکاروں میں عابد،اشعرخان،عرفان،اورمولابخش شامل ہیں۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ رات گئے سی ٹی ڈی کی ٹیم نے ملزمان کے ٹھکانے پرچھاپہ مارا ، مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد بڑی کارروائیوں کے ماسٹر مائنڈ اور ٹارگٹ لسٹ میں تھے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ کے مطابق چھاپے کے دوران ایک خاتون اور ایک بچی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے دونوں سکیورٹی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے اس حوالے سے بتایا کہ دہشتگرد ایک گھر میں تین چار دن سے رہ رہے تھے، دہشتگرد مطلوب تھے ان کا پروفائل بعد میں شیئر کیا جائے گا۔