سرکاری سکیم کے تحت اضافی حج کوٹے کیلئے دوسری قرعہ اندازی کل اسلام آباد میں ہوگی
سرکاری سکیم کے تحت اضافی کوٹے کے لئے دوسری حج قرعہ اندازی کل اسلام آباد میں ہوگی۔ایک انٹرویو میں مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی وزارت کے ترجمان عمران صدیقی نے کہاکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر پاکستان کے لئے سولہ ہزار اضافی حج کوٹے کے تحفے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ چوراسی ہزار دوسو دس تھا جو اس سال بڑھا کر دو لاکھ کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چالیس فیصد اضافی کوٹہ نجی حج آپریٹرز کے لئے مختص کیا جائے گا جبکہ باقی کوٹہ سرکاری سکیم کے تحت تقسیم کیا جائے گا جس کے لئے کل قرعہ اندازی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عازمین حج جو پہلے مرحلے میں کامیاب ہوئے تھے قرعہ اندازی کے لئے اہل ہوں گے انہوں نے کہاکہ یہاں تک کہ جن لوگوں نے بنکوں سے اپنے پیسے واپس نکال لیے ہیں انہیں منتخب ہونے کا ایک اور موقع ملے گا۔عمران صدیقی نے کہا کہ کامیاب ہونے والوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا اور جن لوگوں نے اپنے حج اخراجات واپس لے لیے ہیں انہیں وہی رقم واپس جمع کرانے کا وقت دیا جائے گا۔