وزیر خارجہ ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کے دورے کے بعد ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے، جہاں قطر کی وزارتِ خارجہ کے چیف پروٹوکول آفیسر، پاکستانی ہائی کمشنر اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ آج دوحہ میں دوسرے کوالالمپور سمٹ وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود نے سری لنکا کا بھی دو روزہ سرکاری دورہ کیا، دورے کے اختتام پر اور قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ہمارا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔