کرونا وائرس امریکا میں 6 جانیں نگل گیا، 100 سے زائد متاثر
واشنگٹن : امریکا میں مہلک ترین وائرس کرونا نے مزید چار افراد کی جانیں لے لیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چینی شہر ووہان سے پھیلنے والا کورونا وائرس دنیا بھر میں ہزاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار چکا ہے اور ہلاکتوں کا یہ سلسلہ جاری ہے، امریکا میں مزید 4 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرچکی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا میں مزید 18 کیسز کرونا وائرس کے رپورٹ ہوئے ہیں جنہوں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے ملک بھر میں 102 کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سے 45 افراد وہ ہیں جنہوں نے ڈائمنڈ پرنسز کروز شپ میں سفر کیا تھا، 3 امریکی شہریوں کورونا کی آماجگاہ ووہان سٹی سے لوٹے تھے۔ امریکی حکام نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ 17 متاثرہ افراد وہ ہیں جو سفر کے دوران کورونا وائرس کا شکار بنے جببکہ 37 متاثرہ شہری کورونا وائرس کے شکار مریضوں سے متاثر ہوئے۔ دوسری جانب امریکی یونیورسٹیوں نے اٹلی میں زیر تعلیم درجنوں طالبعلموں کو ہلاکت خیز وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے واپس بلا لیا ہے۔ اس سے قبل امریکا میں دو افراد کورونا وائرس کے باعث دم توڑ چکے ہیں، چین سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اب تک 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔