وزیراعظم سے ملائیشین ہم منصب کی ملاقات، علاقائی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم عزت مآب داتو سری انور ابراہیم نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم اور ملائیشین ہم منصب نے دو طرفہ امور پر تفصیلی گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ بھی کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو ملائیشیا کو سال 2025 کے لئے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔ دوسری جانب ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر اور پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیر مقدم کیا اور پاکستان، آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے وسیع تر کردار کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے تمام سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) اور دو طرفہ مشاورت بڑھانے کے لیے حکمت عملی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔