وزیراعظم کی ضلع پشین اور ژوب میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم ملک کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع پشین میں 5 خوارج کی گرفتاری اور2 خوارج کو جہنم واصل کرنے اور بڑی تعداد میں اسلحہ و دھماکا خیز مواد ضبط کرنے پر افسران و جوانوں کی تعریف کی۔ وزیراعطم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے عزائم کو خاک میں ملانے کے مشن میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل اور 5 دہشتگردوں کی گرفتاری پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر کامیاب آپریشنز کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔