امن کا قیام خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ضم شدہ اضلاع افغانستان کے بارڈر پر واقع ہیں۔بیرسٹرسیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے افغانستان سے رابطہ کاری ناگزیر ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت امن و امان کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، خیبر، اورکزئی کے قبائلی جرگوں کے بعد وزیراعلیٰ ہائوس میں باجوڑ جرگہ بلایا گیا ، جرگے میں قبائلی عمائدین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے علاقے میں امن و امان کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد مرحلہ وار جرگے منعقد کئے جا رہے ہیں، مقامی قبائلی جرگوں کے بعد گرینڈ جرگہ منعقد کیا جائے گا، گرینڈ جرگے میں پائیدار امن کیلئے سفارشات مرتب کر کے متعلقہ فورم کو پیش کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ امن کا قیام خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ضم شدہ اضلاع افغانستان کے بارڈر پر واقع ہیں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے رابطہ کاری ناگزیر ہے، امن و امان کیلئے تمام اقدامات کے عوام کے اعتماد اور تعاون سے کئے جائیں گے۔