بھارت مقبوضہ کشمیر میں وہی کر رہا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں کیا: شریں مزاری
وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ اسرائیل نے جو فلسطین میں کیا وہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدامات کے خلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت دوسرے روز بھی جاری ہے۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بھارتی حکومت نے خود ہی اپنے آئین کی دھجیاں اڑائی ہیں، بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی دھجیاں اڑائی ہیں جس سے پاکستان کو فوری طور پر عالمی برادری کو آگاہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صدر سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز کو بھی خط لکھا گیا ہے، انسانی حقوق کونسل مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آزادانہ کمیشن بنائے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بھارت نے خود تسلیم کیا تھا کہ کشمیر، پاکستان اور بھارت میں تنازع ہے، اب بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقدام مجرمانہ فعل بنتا ہے اور بھارت نے عالمی سطح پر جنگی جرم کیا ہے۔ان کا مزید کا کہنا تھا کہ کہ شملہ معاہدے میں واضح لکھا ہے کہ بھارت، کشمیر کی یکطرفہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا جبکہ بھارتی سپریم کورٹ نے 2016 میں ایک فیصلہ دیا تھا کہ کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔