لاہور میں ڈرامہ سیریل "امرائو جان ادا" کی شوٹنگ جاری
ریڈ لپسٹک آرٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ کی ڈرامہ سیریل "امراؤ جان ادا" کی ریکارڈنگ لاہور میں تیزی سے جاری ہے، ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے کو سیٹ لگایا گیا ہے وہ نہایت ہی خوبصورت اور شاندار ہے۔ان دنوں سیٹ پر فلم اسٹار میرا،ثانیہ اقبال ،جیا علی، معمر رانا،علی انجم،حسن مراد،فریحہ جبیں،تبسم خان،چندا،گلناز، عمران احمد اوردیگر فنکار اپنے حصے کا کام ریکارڈ کروا رہے ہیں۔ امرائو جان ادا کو معروف رائٹر پرویز کلیم نے لکھا جبکہ ڈائریکشن سنگیتا دے رہی ہیں ۔ڈرامہ تاریخی حوالےسے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو ایک خوبصورت اور حساس موضوع کے گرد گھومتا ہے اس کیلئے خاص طور پر سیٹ اور ڈریسز کا اہتمام کیا گیا ہے ۔اسٹائل میک اپ اینڈ ہیر ہنی ہارون ، ڈی او پی عادل عسکری ہیں، پروڈیوسرز سلمان بٹ ،خواجہ راحت حسین اور فلم اسٹار شامل ہیں۔ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا کہ میں نے بلھے شاہ اور دو بوند پانی کیسے ڈرامے بنائے ہیں ، میں ہمیشہ کوشش کرتی ہوں کہ ایسا کام کروں جو شائقین کی دلچپسی کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ میری ساری کاسٹ میرے ساتھ تعاون کررہی ہے۔ یہ ایک تاریخی ڈرامہ ہو گا۔ اداکار معمر رانا نے کہا کہ اس میں میرا کردار ایک ڈاکو کا ہے اور پہلی بار میں یہ کردار کررہا ہوں۔ سنگیتا میڈم نے جب مجھے یہ کردار آفر کیا میں نے فورا ہاں کردی۔ میں نے اس کردار کو نبھانے کے لیے نقلی داڑھی نہیں لگائی بلکہ خود بڑھائی ہے۔ فلمسٹار میرا نے کہا کہ میں اس ڈرامے کو لیکر بہت خوش ہوں۔ بھاری زیور اور ڈریسز پہن کر گرمی میں شوٹنگ آسان نہیں لیکن خوشی ہے کہ مجھے یہ کردار ملا۔ اداکارہ جیا علی نے کہا کہ کافی سال کے بعد میرا کے ساتھ کام کررہی ہوں اور میں نہایت پرجوش ہوں۔ پروڈیوسر سلمان بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں معیاری کام کا ارادہ لے کر آئے ہیں جس کے لئے ہم نے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے جس میں پرویز کلیم جیسے سینئر اور منجھے ہوئے رائٹر اور میڈم سنگیتا جیسی تجربہ کار ڈائریکٹر شامل ہیں۔ابھی یہ۔ہمارا پہلا پراجیکٹ ہے جبکہ جلد ہی ہم کئی سرپرائز اور بھی لے کر آرہے ہیں۔