پاکستان کے ایک اور اہم شہر میں تعلیمی ادارےغیر معینہ مدت تک بند

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر مانسہرہ سمیت صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں ہیں۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق مانسہرہ کے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے، اس کے علاوہ تعلیمی اداروں کے ہاسٹلوں کی بیرونی لائٹس اور چھتوں کی لائٹس بھی بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ اقدامات امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کیے گئے ہیں،طلبہ، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی غیر ضروری سرگرمی سے گریز کریں۔ مزید برآں، محکمہ تعلیم نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ یہ اقدامات عارضی ہیں اور ملکی صورتحال بہتر ہونے پر تعلیمی اداروں کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔