کوئی ماں کا لعل اس حکومت کو نہیں گراسکتا،مولانا فضل الرحمٰن 27 اکتوبر کو اسلام آباد نہیں آئیں گے:وزیر داخلہ اعجاز شاہ
اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کے ہمراہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولت سینٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بلیو ایریا میں دفعہ 144 لگی ہوئی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ مولانا فضل الرحمٰن 27 اکتوبر کو نہیں آئیں گے، وہ جن لوگوں کو لارہے ہیں وہ کس لیے لارہے ہیں؟.اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ 3 بار نوازشریف کو وزیراعظم بنانے پرعوام کو کیا ملا؟ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کی بات کی، وزیر اعظم کابینہ میٹنگ میں مخلوق خدا کی خدمت سے متعلق ہروزیر سے پوچھتے ہیں، ہر کام کے لئے پیسہ چاہیے جو پیسہ لے گئے ان سے متعلق میڈیا سوال پوچھتا ہی نہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت اگر نماز بھی پڑھے تو اپوزیشن طعنہ مارتی ہے، جب تک لوگوں کو سمجھ ہے کہ حکومت ٹھیک ہے تو ٹھیک ہے۔ اگر صحیح وقت پر غلط کام بھی کریں گے تو چل جائے گا، اگر غلط وقت پر صحیح کام بھی کرو گے تو وہ غلط ہی ہوگا۔بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں، جنہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست بنائیں گے، حکومت نہ مدرسوں کو چھیڑ رہی نہ ان کا نصاب تبدیل کر رہی بلکہ صرف اس میں انگریزی، تاریخ و دیگر مضمون شامل کیے جارہے ہیں تاکہ طلبہ دیگر ملازمتیں بھی کرسکیں۔