ارجنٹائن کی معروف لائبریری میں سفیر کی چوڑی پکڑی گئی
ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ایک ملک کے سفیر نے مشہور و معروف لائبریری El Ateneo میں داخل ہو کر براہ راست ایک شیلف کا رخ کیا جہاں اس کی مطلوبہ کتاب موجود تھی۔ سفیر نے کتاب نکال کر فورا ہی اپنے ہاتھ میں موجود لپٹے ہوئے اخبار کے بیچ چھپا لی۔ سفیر اس بات سے بے خبر تھا کہ لائبریری میں موجود سیکورٹی کیمروں نے اس حرکت کو محفوظ کر لیا ہے۔ یہ منظر لائبریری کے ایک ملازم نے براہ راست اسکرین پر بھی دیکھ لیا۔ سفیر کے بغیر ادائیگی کوچ کر جانے پر اس ملازم نے لائبریری سے باہر آ کر آواز لگائی اور سیفر کو پھر سے لائبریری کے اندر لے آیا۔ لائبریری کے سیکورٹی ڈپارٹمنٹ نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے دستے کی آمد پر معلوم ہوا کہ چوری کرنے والا شخص کوئی اور نہیں بلکہ ارجنٹائن میں میکسیکو کا 76 سالہ سفیر ڈاکٹر Oscar Ricardo Valero Recio Becerra تھا۔ ہفتے کے روز پیش آنے والے اس واقعے کا ارجنٹائن کے مقامی میڈیا میں خوب چرچا رہا۔ میکسیکو کے سفیر نے جس کتاب کو چرانے کی کوشش کی وہ فرانس میں سماجی علوم سے متعلق ایک تعلیمی ادارے کے ڈائریکٹرGuy Chaussinand-Nogaret کی تالیف ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ مذکورہ کتاب کی قیمت ارجنٹائن کی کرنسی میں 590 بيزوس یعنی 10 ڈالر سے بھی کم ہے اور سفیر نے وہ بھی ادا کرنا پسند نہیں کیا۔ واضح رہے کہ میکسیکو کے سفیر ڈاکٹر اوسکر کا شمار اپنے ملک کی بڑی دولت مند شخصیات میں ہوتا ہے۔ ارجنٹائن کے میڈیا میں چوری کی اس خبر کے پھیل جانے کے بعد میکسیکو کے وزیر خارجہ مارسیلو ایبرارڈ نے فوری طور پر ایک ٹویٹ کی۔ ٹویٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ سفیر کو طلب کر لیا گیا ہے اور وزارت کی ڈسپلنری کمیٹی کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ سفیر پر عائد الزام کا جائزہ لیا جائے۔ وزیر خارجہ کے مطابق اگر وڈیو سے مذکورہ سفیر پر عائد الزام صحیح ثابت ہوا تو انہیں فوری طور پر منصب سے ہٹا دیا جائے گا۔