سری لنکا میں معاشی بحران پر شدید مظاہروں کے بعد سری لنکن صدر اپنے اہلخانہ سمیت ملک سے فرار
کولمبو: سری لنکا میں معاشی بحران پر شدید مظاہروں کے بعد صدر ملک سے فرار ہو گئے ۔ صدر گوتابایا راجا پکسے نے آج اپنے عہدے سے استعفی دینے کا وعدہ کیا تھا ۔تفصیلات کے مطابق عوام کی جانب سے معاشی بحران کا ذمہ دار قرار دیے جانے والے سری لنکن صدر گوتابایا راجا پکسے ملک سے فرار ہو گئے ۔ سری لنکن صدر اپنے اہلخانہ سمیت فوجی طیارے پر مالدیپ کے شہر مالے پہنچ گئے ۔ گوتابایا کی ملک سے روانگی نے ایک ایسے خاندان کی حکومت کا خاتمہ کیا ہے ، جس نے ملک پر کئی دہائیوں تک راج کیا ۔سری لنکا کی پارلیمنٹ 20 جولائی کو نئے صدر کا انتخاب کرے گی ۔ صدارتی محل پر قبضہ کرنے والے مظاہرین نے نئے صدر اور وزیراعظم کے انتخاب تک صدارتی محل کا قبضہ نہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے ۔