سموگ کے باعث ٹریفک پولیس کا لاٹری نکل آئی، ایک دن میں لاکھوں کا فائدہ
لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف چوبیس گھنٹوں میں 63 لاکھ کے جرمانے کیے گئے۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ وارننگ و آگاہی مہمات کے بعد اب بس کریک ڈاؤن جاری ہے، ٹریفک پولیس نے 24 گھنٹوں میں دھواں چھوڑنے والی 3176 گاڑیوں پر 63 لاکھ کے جرمانے کیے۔ خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے پر 1579 موٹرسائیکلوں کو 32 لاکھ کے جرمانے کیے، 264 موٹرسائیکلیں اور 153 ٹریکٹرٹرالیاں مختلف ٹریفک سیکٹرز میں بند کردی گئیں۔ آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی 240 وہیکلز کو ای چالان جاری ہوئے، شہر میں 41 اینٹی اسموگ اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر 12 ناکے بھی قائم ہیں۔ کمشنر لاہور کی ہدایت پر قائم 14 انسداد تجاوزات کیمپس بھی مزید متحرک ہیں، آج لاہور میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند ہوگا۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ پابندی سے مستثنٰی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔