بیلجیئم: ٹیکنیشن نے ایک ایف 16 طیارے سے دوسرا ایف 16 طیارہ تباہ کر دیا۔
بیلجیئم کے فضائی اڈے پر ایک ٹیکنیشن نے غلطی سے ایف 16 طیارے سے فائرنگ کرکے نزدیک کھڑا دوسرا ایف 16 جیٹ طیارہ تباہ کر دیا، اس واقعہ میں قریب کھڑے ایک اور جیٹ طیارے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ٹیکنیشن نے غلطی سے ایف 16 طیارے کی 20 ایم ایم فالکن کینن سے فائر کر دیا جس کے باعث سامنے کھڑا ایف 16 جیٹ طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ایویو نیوز کے مطابق ٹیکنیشن نے بیلجیئم کے جنوب میں واقع فلورنس فضائی اڈے پر معمول کے کام کے دوران ایف 16 کے کینن فائر کر دیئے جس سے ہینگر کے سامنے کھڑا ایک ایف 16 طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ہینگر کے سامنے کھڑا ایف 16 طیارے میں پورا ایندھن بھرا ہوا تھا اور کینن کی فائرنگ سے اس جہاز کو آگ لگ گئی جبکہ نزدیک ہی کھڑے ایک اور جیٹ طیارے کو بھی نقصان پہنچا۔ بیلجیئم ایئر فورس نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ ایف 16 طیارے کو آگ لگنے اور دھماکہ ہونے کے نتیجے میں دو مکینک زخمی ہوئے ہیں۔ بیلجیئم کی فضائیہ کے ترجمان نے مقامی ٹی وی چینل آر ٹی بی ایف کو بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے تاہم فضائیہ نے یہ نہیں بتایا کہ یہ واقعہ ٹیکنیشن کی غلطی سے پیش آیا ہے۔ ایف 16 طیارے کی کینن سے چھ ہزار گولیاں فی منٹ فائر ہوتی ہیں اور اسی وجہ سے ٹیکنیشن نے زیادہ دیر بٹن نہیں دبایا اور پھر بھی اتنی گولیاں فائر ہو گئیں کہ ایف 16 طیارہ تباہ ہو گیا۔ کہا جا رہا ہے کہ دوسرے ایف 16 طیارے میں ایندھن بھرا جا چکا تھا کیونکہ اس جہاز نے تھوڑی ہی دیر میں پرواز کرنا تھا۔