بھارت نے ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کو جیلوں کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا
مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے عالمی ریڈکراس کمیٹی ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں کو کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار کا مشاہدہ کرنے کے لیے بھارتی جیلوں کے دورے کی اجازت نہ دینے پر بھارت پرشدید تنقید کی ہے۔
حریت چیئرمین نے مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کے ساتھ جیل حکام کے ظالمانہ سلوک کی مذمت کرتے ہوئے جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
بڈگام ضلع میںآج مسلسل چوتھے روز بھی انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔
ادھرقابض انتظامیہ تین سالہ بچی کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف احتجاج روکنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ اس حوالے سے قابض انتظامیہ نے آج مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم دیا ۔
پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن جموں وکشمیر نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی حکومت کے زیر انتظام آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ان ہدایات کی مذمت کی ہے جن میں مقبوضہ علاقے کے طلباء کو آزاد جموںوکشمیر کے تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے سے منع کیا گیا ہے۔
آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہاکہ کشمیری طلبا آزاد جموں وکشمیر سمیت کسی بھی جگہ تعلیم حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ حریت قیادت نے ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول Hawal کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 21مئی بروز منگل مقبوضہ علاقے میں ہڑتال اور عید گاہ سرینگر کی طرف مارچ کی کال دی ہے ۔