سینیٹ کا شاندار فتح پر افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین

سینیٹ کے اجلاس میں افواج پاکستان کو معرکہ مرصوص میں شاندار فتح پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے حالیہ اجلاس میں بھارتی جارحیت، افواج پاکستان کی تاریخی کامیابی، سیاسی اتحاد اور قومی سلامتی سے متعلق اہم معاملات پر تفصیل سے اظہارِ خیال کیا گیا۔ سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو اپنے دوست ممالک، جری افواج اور ذمے دار میڈیا پر بجا طور پر فخر ہے، جنہوں نے ہر محاذ پر دشمن کا جرأت مندانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں سامنا کیا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مہنگے رافیل طیاروں اور اسلحے پر فخر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "ہماری پاک فضائیہ نے ایک ہی رات میں اس غرور کو راکھ میں بدل دیا۔ دشمن رات کی تاریکی میں بزدلانہ وار لے کر آیا، لیکن ہماری افواج نے ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ وہ حواس باختہ ہو گیا۔" بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ کے دوران شہریوں کو نشانہ بنانے جیسی غیر انسانی حرکات کا قائل نہیں۔ اس موقع پر انہوں نے بانی تحریک انصاف کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ "جب بات ملکی سالمیت کی ہو، تو کوئی جماعت نہیں بلکہ صرف پاکستان مقدم ہوتا ہے۔" اتحاد کی نئی مثال: حکومت و اپوزیشن ایک صف میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی اس حالیہ فتح کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن مکمل اتحاد کے ساتھ ایک صف میں کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ ماضی میں کم ہی دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "افواجِ پاکستان نے ثابت کر دیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ عزم، قربانی اور جذبے سے جیتی جاتی ہیں۔ عوام، فوج اور پارلیمنٹ کی یکجہتی دشمن کے لیے حیرت کا باعث بنی۔" عرفان صدیقی نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ پاکستان کو کبھی غزہ نہیں بنا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کو مشکلات میں دھکیل رہا ہے، خواہ وہ نیپال ہو، بھوٹان، سری لنکا یا پاکستان۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور وزیراعظم شہباز شریف اس کے لیے تیار ہیں۔ مودی کا خواب خاک میں، افواج پاکستان کا عزم زندہ علامہ ناصر عباس نے بھی سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "مودی خطے کو آگ میں جھونکنا چاہتا تھا، لیکن افواج پاکستان نے اس کا خواب چکنا چور کر دیا۔" ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو دکھا دیا ہے کہ یہ قوم متحد ہو تو ناقابل تسخیر ہے۔