رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو میں پاک فضائیہ کے طیاروں کا عالمی میدان میں راج، مسلم لیگ ن سعودی عرب کے قائدین کا خراجِ تحسین

مدینہ منورہ (نمایندہ نوائے وقت) پاک فضائیہ نے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ پاکستان کے JF-17C بلاک III طیارے کو "اسپرٹ آف دی میٹ" ٹرافی جبکہ سی 130 طیارے کو Concours d’Elegance Trophy سے نوازا گیا، جو ان کی اعلیٰ پرواز، تکنیکی مہارت اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔ جے ایف تھنڈر نے پاکستان سے برطانیہ تک نان اسٹاپ ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے ذریعے تاریخی سفر طے کیا۔ اس عظیم کامیابی پر مسلم لیگ ن سعودی عرب کے مرکزی جنرل سیکریٹری ملک منظور حسین اعوان، جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن جدہ ریجن مہر عبدالخالق لک، سرپرستِ اعلیٰ رانا محمد اشرف، اور صدر مسلم لیگ ن مدینہ منورہ جاوید اقبال بٹ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے ایک کروڑ سے زائد تارکین وطن کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو ملک کی فضائی صلاحیتوں کا عملی ثبوت قرار دیتے ہوئے پاک فضائیہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔