دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد اموات
عالمی وبا قرار دیئے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کرگئی، عالمی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 48 لاکھ 91 ہزار سے زائد ہو گئی ، 19 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 91 ہزار 9 سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 2 ہزار 700 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 78 ہزارسے زائد ہو گئی ۔ اس طرح سپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار 7 سو سے بڑھ گئی ۔اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 25 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 32 ہزار سے زائد ہو گئی ۔ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 46 ہزار سے زائد ہو گئی ، برطانیہ میں 34 ہزار 7 سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ۔فرانس میں ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 28 ہزار2 سو سے بڑھ گئی ۔ جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے، اب تک آٹھ ہزار ایک سو سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کر گئی ۔ترکی میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور ایک لاکھ 50 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ایران میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سات ہزار سے بڑھ گئی، ایران میں اب تک ایک لاکھ 22 ہزار 492 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔