جیل حکام کا شاہ محمود قریشی کے اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت دینے سے انکار
وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل حکام نے شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر تیمور ملک نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی گھنٹوں انتظار کے بعد اپنے والد سے ملاقات کیے بغیر واپس لوٹ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے ایسے کسی بھی تحریری اقرار نامے پر دستخط کرنے سے انکار کیا ہے جس سے ان کے سیاسی و جمہوری حقوق متاثر ہوں۔ بیرسٹر تیمور ملک کا مزید کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں شاہ محمود قریشی کو آج اٹک جیل منتقل کیا جا رہا ہے، شاہ محمود قریشی کو کسی اور جیل منتقل کرنا عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو گی۔