بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج بوکھلاہٹ کا شکار،پاکستانی وزیر خارجہ شاہ کےساتھ کھڑے ہوکر فوٹوکھینچواناپسند نہ آیا
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ کھڑے ہوکر فوٹوکھینچوانا بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو پسند نہیں آیا یا پھرانہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی طرح روایتی تنگ نظری کا مظاہرہ کیا؟ یہ وہ سوال ہے جو اس وقت پیدا ہوا جب آج وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران اسٹیج پر اس جگہ آئیں جہاں وزرائے خارجہ فوٹوسیشن کے لیے اکھٹے ہوئے تھے۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اپنے پاکستانی ہم منصب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ کھڑی ہوئیں مگرپھر اچانک انہوں نے ہکچکچاہٹ میں اپنی جگہ چھوڑی اور دوسری طرف جاکر کھڑی ہو گئیں ۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی ہکچچاہٹ اس وڈیو میں دیکھی جاسکتی ہے جو وزرائے خارجہ اجلاس کےموقع پر فوٹوسیشن کے دوران بنائی گئی۔ وڈیو میں سشما سوراج کا اپنی جگہ تبدیل کرکے شاہ محمود قریشی سے دورجاکر کھڑے ہونا دیکھا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں وزرائے خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں موجود ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب مسٹر وانگ ژی سے خصوصی ملاقات بھی ہوئی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین ہمارا عزیز ترین دوست اور انتہائی مضبوط شراکت دار ہے۔پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی سلامتی کے معاملات درپیش ہوں یا علاقائی امن و استحکام کی بات ہو چین کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔