24 نومبر احتجاج: ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز خالی کرنے اور میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ
24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز خالی کرنے اور میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز خالی کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 23 نومبر کی صبح 8 بجے سے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز خالی کر دیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی کہ ہوٹلز انتظامیہ آج رات سے کسی بھی گیسٹ کو کمرہ نہ دے۔ پولیس نے ہوٹلز مالکان کو نوٹسز بھی جاری کر دیے۔ دوسری جانب، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کے باعث جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میٹرو بس سروس صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ اسٹیشن تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سروس مکمل طور پر بند کی جائے گی۔