اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش, نشیبی علاقے زیر آب، بجلی کی فراہمی معطل
اسلام آباد،راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ،کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث دریائے سواں میں طغیانی آ گئی ، راولپنڈی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔لاہور کے مختلف علاقوں مال روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، سول سیکرٹریٹ، چوبرجی، مزنگ اور کینال روڈ پر بادل برسنے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی ، پسرورمیں بھی بارش ہوئی ، بارش کے باعث کئی علاقوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔پنجاب کے دیگر شہروں فیصل آباد، بھوآنہ، خانیوال، حافظ آباد، میاں چنوں، خانیوال، مریدکے، جھنگ، کالا باغ اور دیگر علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، کندیاں میں بارش کا پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا۔اس کے علاوہ ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔دوسری جانب این ڈی ایم اے نے شمالی علاقہ جات میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ بعض مقامات پر سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔