کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دشمن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان اور پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچ عوام پاکستان سے محض زمینی ہی نہیں بلکہ تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایت جیسے انمٹ رشتوں میں بندھے ہیں، جنہیں کوئی توڑ نہیں سکتا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کے لازوال رشتے کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ’کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا‘۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو پاکستان ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ”آپریشن بنیان مرصوص“ کے دوران پاک افواج کی حکمت عملی، عزم اور کامیابیوں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معرکہ حق میں فتحِ مبین صرف افواج کی پیش قدمی کا نتیجہ نہیں بلکہ قوم، خصوصاً نوجوان نسل کی بے مثال حمایت کا ثمر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے لیے نوجوانوں کا جذبہ اور کردار قابلِ فخر ہے۔
تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی کے طلبہ نے افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔